ممبئی۔ ۳۱؍اکتوبر۔ اپوزیشن جماعتوں نے مہاراشٹر کی ووٹر لسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے متحد ہو کر "ستیاچہ مورچہ” یعنی "سچائی کے لیے مارچ” کا اعلان کیا ہے۔ یہ مارچ ممبئی میں آج یکم نومبر بروز سنیچر دوپہر ایک بجے سے شام چار بجے تک ہوگا۔ مارچ جنوبی ممبئی میں فیشن اسٹریٹ سے شروع ہوگا اور بی ایم سی ہیڈکوارٹر تک جائے گا۔

جمعرات کو وائی بی چوہان سنٹر میں منعقدہ ایک اہم میٹنگ کے بعد اس محاذ کا اعلان کیا گیا۔ مہا وکاس اگھاڈی (ایم وی اے) کے سرکردہ لیڈران بشمول نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار دھڑے) کے سربراہ شرد پوار، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے دھڑے) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے سینئر لیڈران اور مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے میٹنگ میں شرکت کی۔ این سی پی (ایس پی) کے ریاستی صدر ششی کانت شندے اور جتیندر اوہاد، کانگریس لیڈر نسیم خان اور سچن ساونت، سی پی آئی لیڈر پرکاش ریڈی، اور پی ڈبلیو پی لیڈر جینت پاٹل بھی موجود تھے۔
شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم ایل اے انیل پراب نے کہا، "ہم یکم نومبر کو ستیہ گرہ مورچہ منعقد کریں گے۔ یہ مارچ ووٹ چوری، ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں اور ریاستی الیکشن کمیشن کی بے عملی کے خلاف ہے۔ عوام کو سچ معلوم ہو جائے گا اور جھوٹ بے نقاب ہو جائے گا”۔ مہاراشٹر میں مبینہ طور پر آنے والے مہینوں میں کئی میونسپل کارپوریشنوں اور مقامی خود حکومتی اداروں کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ ادھر ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی پہلے ہی "ووٹ چوری” کا مسئلہ اٹھاتے رہے ہیں، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات منصفانہ طور پر نہیں ہوئے تھے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر سچن ساونت نے کہا کہ یہ مشترکہ محاذ راہل گاندھی کی مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر اس محاذ میں شامل ہوں گے، حالانکہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ریاستی کانگریس صدر ہرش وردھن سپکل اس میں شامل ہوں گے۔ سپکل جمعرات کی میٹنگ میں موجود نہیں تھے، لیکن ادھو ٹھاکرے نے ان سے فون پر بات کی تاکہ محاذ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
