MIMکے کچھ کارپوریٹر انڈین سیکولر پارٹی کے رابطہ میں، آؤٹر حلقہ سے شیوسینا بھی حرکت میں
مالیگاؤں/ ۱۸جنوری۔ کارپوریشن کے حیرت انگیز نتائج کے بعد شہر کا سیاسی ماحول تبدیل ہوگیا۔ مالیگاؤں فرنٹ کے 40کا ہند سہ دیکھ کر سیاسی ماہرین بھی انگشت بدنداں ہوگئے۔ مکمل نتائج ظاہر ہونے کے بعد اب شہریان کی نظریں میئر کی سیٹ پر ٹکی ہوئی۔ جس پر ابھی تجسس برقرار ہے۔ چوںکہ انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر پارٹی اور سماجوادی کے پاس 40 سیٹیں ہیں لہٰذا یہ میئر شپ کے پہلے دعویدار ہیں۔ مصدقہ خبروں کے مطابق آؤٹر حلقہ سے 18پارٹی حاصل کرنے والی شیو سینا لیڈران بھی حرکت میں دکھائی دے رہے ہیں۔ جبکہ خود کو کنگ میکرکہلانے والے اعجاز بیگ کے خیمہ میں غیر معمولی ہلچل ہے۔ اگر کانگریس پارٹی کے تین کارپوریٹرس بلا شرط سیکولر فرنٹ کی حمایت کردیں تو یقیناانڈین سیکولر کے میئر شپ کےلئے راہیں ہموار ہوجائے گی۔اور کانگریسی کارپوریٹرس بھی اقتدار کا حصہ بن سکتے ہیں ،اور اسکا فائدہ یہ ہوگا کہ مستقبل میں تعمیر و ترقی کے کاموں میں کانگریس پارٹی کو آسانیاں میسر ہو سکتی ہیں؟ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مجلس اتحاد المسلمین کےلئے کچھ کارپوریٹر انڈین سیکولر I.S.L.A.M پارٹی کے مسلسل رابطہ میں ہےں ۔ فی الحال مفتی اسماعیل قاسمی نے بھی I.S.L.A.M پارٹی کو حمایت دینے کا کوئی واضح اشارہ نہیں دیا ہے۔ البتہ جو بھی پارٹی ،انڈین سیکولر کو حمایت دے گی یہ اُن کےلئے بہتر ہوگا جس سے مستقبل میں اُن کا ہی ترقیاتی ایجنڈا مضبوط ہوگا۔
دوسری جانب شہر کی سب سے بڑی پارٹی انڈین سیکولر کی جانب سے کل ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں آصف شیخ نے کہا کہ ”یہ جیت مالیگاؤں کی عوام اور سیکولر فرنٹ کے ورکروں کی ہوئی ہے۔ ہمارے فرنٹ کے نام کے مطابق ہمیں سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔ہمارے 40 امیدواروں میں سب مذہب، ذات برادری کے نمائندے منتخب ہوئے ہیں یہی اصل سیکولر فرنٹ ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تجربہ کار کارپوریٹرس کی ٹیم چن کر آئی ہے، انہوں نے کہا کہ میئر کون ہوگا؟ اس کیلئے ہم حکمت عملی و مشورے سے شہریان کے حق میں اچھا فیصلہ لینگے۔‘ ‘ اسطرح آصف شیخ رشید کی جانب سے تصویر واضح ہو چکی ہے۔
