مالیگاوں /24اکتوبر۔ شہر کے مچھلی بازار، بادشاہ خان نگر میں حالیہ آتشزدگی کے المناک حادثے میں چھ مکانات جل جانے کے بعد، جمعیت علماءہند (مدنی روڈ، نیاپورہ) نے فوری حرکت میں آتے ہوئے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور نقصان کا جائزہ لیا۔ یہ وفد صدر جمعیت علماءمفتی محمد اسمٰعیل قاسمی کی قیادت میں وہاں پہنچا۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی نے جمعیت علماءکی خدمات کا اعادہ کیا اور کہا کہ تنظیم ملکی سطح سے مقامی سطح تک مسلمانوں کے دینی، ملی، تعلیمی، سماجی اور معاشی معاملات میں مو¿ثر نمائندگی کرتی آئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں کسی بھی طرح کی آسمانی یا زمینی آفت ہو، جمعیت علماءبلا تفریق مذہب و ملت امدادی کارروائیوں میں سب سے آگے ہوتی ہے۔ جمعیت علماءکے ذمہ داران کے ساتھ وفد کی شکل میں متاثرین کو تسلی دینے اور نقصانات کا جائزہ لینے پہنچے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیت علماءکی ورکنگ کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ آج رات ہی منعقد کی جائے گی تاکہ باہمی مشورے سے ان مکانات کی تعمیر نو کے لیے ممکنہ تعاون کا فیصلہ کیا جا سکے۔ مفتی قاسمی نے امکان ظاہر کیا کہ شاید متاثرین کے لیے نئے مکانات بنا کر دینے کا فیصلہ ہو۔انہوں نے ماضی میں کی گئی جمعیت علماءمدنی روڈ کی امدادی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں آگ سے جزوی یا مکمل متاثر ہونے والے پانچ، دس، تیس چالیس کی تعداد میں مکانات کی تعمیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے متاثرین کو صبر کی تلقین کی اور یقین دلایا کہ جمعیت علماءان کے ساتھ کھڑی ہے۔مفتی قاسمی نے مزید کہا کہ یہ تمام کار خیر شہر کے مخیر حضرات کے تعاون سے سرانجام پاتے ہیں، جن کا جمعیت علماءشکرگزار ہے۔ اس دورے کے موقع پر عبدالمالک بکرا، انیس فہمی، عبدالرحمن پیارے، الحاج یونس عیسیٰ ، سعود مولانا کمپاو¿نڈ، اسمٰعیل رحمانی، ڈاکٹر عبیداللہ یونیورسل، حافظ فیضان، عبدالماجد شیخ، عمران انجینئر، مولانا علیم فلاحی، قاری عبدالجلیل، فقیر محمد، عمران مانے، طاہر صدیقی عزیز نوفل سمیت دیگر جمعیت کے خدام موجود تھے۔
