کون ہوں گے مالیگاؤں کے 84کارپوریٹرس؟نتیجہ چند گھنٹوں میں
مالیگاؤں/۱۵جنوری۔ میونسپل کارپوریشن انتخابات کا مرحلہ کل 15جنوری 2026 جمعرات کو پر امن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ کہیں سے بھی کسی بڑے نا خوش گوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے اکا دکا واردات کو چھوڑ کر سبھی پولنگ مراکز پر اطمینان بخش طریقے سے عوام نے حق رائے دہی میں حصہ لیا۔ الیکشن محکمہ کی جانب سے موصول اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر 64.08% فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح ہو کہ پچھلے سال پارلیمنٹ الیکشن کے دوران شہر کے ووٹروں کا جوش قابل دید تھا جس کی وجہ سے شہر میں پولنگ کا فیصد تقریباً 70فیصد ہوا تھا بعد ازاں 2024ءمیں اسمبلی الیکشن میں شہر کا مجموعی طورپر پولنگ 69.52% درج کیا گیا تھا۔ اس کے مقابلے میں کل کے ہونے والے کارپوریشن الیکشن میں ووٹروں کا رجحان بتدریج کم ہوتا دکھائی دیا اس لئے فیصد 64.08% رہا ۔شہر میں BLOکی جانب سے جہاں ایک طرف ووٹر سلپ تقسیم میں سستی پائی گئی یہی وجہ ہے کہ ووٹرس سلیپ نہ ملنے کی وجہ سے کافی پریشان رہے۔ اسی کے ساتھ شہر کے تمام وارڈوں میں ایک شکایت عام رہی کہ ایک ہی خاندان کے آدھے نام ایک وارڈ میں آدھے نام دوسرے وارڈوں میں منتقل کردیئے گئے۔ جس سے ووٹروں میں ناراضگی پائی گئی۔ وہیں شہر میں ووٹنگ کا اوسط کم ہونے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی۔ اسی طرح کارپوریشن کی 84 نشستوں کیلئے مالیگاؤں سینٹرل اور آؤٹر میں 609پولنگ مراکز بنائے گئے تھے۔ یہاں پولس بندوبست اور اعلیٰ آفیسران کی نگرانی میں عوام حق رائے دہی کا استعمال کررہی تھی۔ نیز ووٹروں کو ووٹر کارڈ ،آدھار کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ کے بعد ہی انہیں ووٹ دینے کی اجازت دی گئی۔ مختلف پولنگ مراکز پر 60سے 70فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے جس میں اے ٹی ٹی ہائی اسکول، مالیگاو¿ں ہائی اسکول، جے اے ٹی ہائی اسکول ،نشاط اسکول تہذیب اور ثناءاسکول شامل ہیں۔ ووٹوں کی گنتی آج 16جنوری 2026 جمعہ کو ہوگی۔ قوی امکان ہے کہ 84کارپوریٹروں کے نام دوپہر 1بجے تک ظاہر ہوجائیں! گنتی کےلئے الیکشن محکمہ نے چار الگ الگ مراکز بنائے ہیں۔ جس کے مطابق وارڈ نمبر 2,4,5,8,11,12,13,15,17 کی گنتی سرکاری اناج گودام کیمپ میں اور وارڈ نمبر 1,9,10کی گنتی آئی ایم اے ہال وردھمان نگر میں وارڈ نمبر 3,6,7,14,16,19کی گنتی شیواجی جم خانہ موہن سنیما کے پاس۔ اور وارڈ نمبر 18,20,21 کی گنتی کرشنا لانس ، موتی باغ ناکہ کے پاس ہوگی ۔گنتی صبح دس بجے شروع کی جائے گی۔ اور یہاں سبھی امیدواروں کے کاؤ نٹنگ ایجنٹ اور الیکشن آفیسران اور پولیس حفاظتی انتظامات کے درمیان الیکٹرانک ووٹنگ مشین کھو لی جائے گی۔ اور راؤنڈ وائز گنتی کی جائے گی واضح ہوکہ الیکشن میں 84سیٹوں کیلئے 301امیدواروں نے اپنی قسمت آزمائی کی ہے۔ اور اب جمعہ کو واضح ہوگا کہ کون کہاں سے کامیاب ہوا اور کون کہاں سے ناکام ۔ دوسری جانب وارڈ نمبر 8 میں آزاد امیدوار صبا ناز ،آصف باردان والا ، اور انڈین سیکولر پارٹی کے نہال حاجی، محمود شاہ، اجو بھائی کے مابین کافی تکرار ہوئی اس علاقے سے آزاد امیدوار کے پاس سے بوگس ووٹر کارڈ ضبط ہونے کی تصدیق الیکشن آفیسر نے کی ہے اور اس اور کارروائی کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ وارڈ نمبر7میں بھی مستقیم ڈگنٹی کے ساتھ دست درازی کی خبریں ہیں۔ وارڈ نمبر 18 میں کانگریس امیدوار اور انڈین سیکولر پارٹی امیدواروں کے مابین ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ نیز مجلس اور کانگریس امیدواروں کے درمیان بھی جھگڑا ہوا اور لفظی تکرار ہوئی بعد ازاں یہ معاملہ پولس تک بھی پہنچا۔ وہیں وارڈ نمبر 18 میں سیاسی افراد کے درمیان ماحول کافی کشید ہ رہا۔
