مالیگاؤں/۷نومبر۔ کارپوریشن چناؤ اور انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرکے ویژن کا اعلان کرنے کیلئے پارٹی کے قائد و بانی آصف شیخ کی سرپرستی میں آج 7 نومبر بروز جمعہ کو شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک پہلے انتخابی جلسہ یلغار کا انعقاد ہزار کھولی
عائشہ نگر پولس اسٹیشن کے پاس کیا جارہا ہے۔جس کی صدارت شیخ رشید کے ساتھی شبیر بھائی عرف بیرے کرینگے۔اسطرح کی تفصیلات پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب احمد و مقامی صدر اعجاز عمر نے دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مالیگاؤں کارپوریشن چناؤ اور پارٹی کے ویژن ( پالیسی) کا اعلان بھی کیا جائے گا، اسی طرح جلسہ یلغار میں پرستوں کو منہ توڑ جواب بھی دیا جائے گا، اس جلسہ عام میں آصف شیخ رشید سنسنی خیز تقریر کرتے ہوئے کئی چونکانے والے انکشافات کرینگے۔مالیگاؤں سینٹرل میں چھپے سفید پوش سیاسی مکاروں کو بے نقاب بھی کیا جائے گا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور شیو سینا کی سازش اور کارپوریشن کے آفیسران کی تانا شاہی کیخلاف، شہری مسائل اور ایم ایل اے کی خاموشی کا بھی پردہ فاش کیا جائے گا۔اس جلسہ عام سے شہر میں کارپوریشن چناؤ کا بگل بھی بجایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جلسہ اپنی نوعیت کے حساب سے ایک یادگار اور تاریخی جلسہ ہوگا کیونکہ اس جلسہ سے شہر بھر میں عوامی سیاسی بیداری لائی جائے گی۔ موصوف نے بتایا کہ جمعہ سات نومبر کو ہی شام میں 7 بجے شیخ رشید بھون سے جلسہ گاہ تک ایک مشعل مارچ نکالا جائے گا جو کہ شیخ رشید بھون آگرہ روڈ سے ہوتا ہوا انصار پترا باب نور باغ، نور باغ چوک، قاضی شرف الدین ہال، ہزار کھولی جلسہ گاہ میں شامل ہوگا۔اس مشعل مارچ میں پارٹی کے نوجوان و ذمہ داران گھوڑے پر سوار ہوکر ایک منفرد انداز میں نظر آئیں گے۔گھوڑے کیساتھ مارچ و جلسہ کی قانونی اجازت بھی حاصل کرلی گئی ہے۔مارچ اور جلسہ گاہ میں شرکت کیلئے عوام بالخصوص پارٹی کے تمام ورکرس، تمام سیل کے عہدیداران و ذمہ داران وقت مقررہ پر تشریف لا کر جلسہ یلغار کو کامیاب بنائیں۔
