مالیگاؤں /۷؍نومبر۔ شہر کے رونق آباد علاقے میں گذشتہ بارہ سالوں سے فعال عضباءایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی نے اپنی سماجی و تعلیمی خدمات کے سلسلے میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نوجوانوں پر مشتمل اس سوسائٹی نے اب تک مختلف فلاحی
و تعلیمی منصوبے کامیابی سے انجام دئیے ہیں، جن میں سب سے نمایاں کمپیوٹر کلاسیس کا آغاز ہے، جسکے ذریعے چار ہزار سے زائد طلبہ کو کمپیوٹر تعلیم سے آراستہ کیا جا چکا ہے۔ سوسائٹی کے صدر پرویز خان بابر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ادارہ اب شہر کے مضافاتی علاقے طاہرہ پارک، سروے نمبر 85/1 پر واقع اپنے اسٹڈی سینٹر میں آئندہ ماہ سے روزگار پر مبنی ٹریننگ کورسیس شروع کرنے جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میںسولار بجلی کی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ نوجوان عملی طور پر خود مختار بن سکیں۔ علاوہ ازیں مستقبل میں دیگر فنی اور پیشہ ورانہ کورسز بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔پرویز خان بابر نے مزید کہا کہ بارہ سال قبل ہی سوسائٹی نے ایک منفرد تعلیمی ادارہ قائم کرنے کا عزم کیا تھا، اور اب یہ خواب حقیقت بننے جا رہا ہے۔ انکے مطابق، چالیسگاؤں پھاٹا کے قریب تین ایکڑ زمین پر ایک جدید اسکول تعمیر کیا جائے گا، جہاں پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک کا نظام ہوگا اور بالخصوص UPSC اور MPSC کی تیاری پانچویں جماعت سے ہی شروع کرائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ ایک بڑا اور چیلنجنگ منصوبہ ہے جس کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہے، اسی لیے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ تعاؤن کا ہاتھ بڑھائیں۔ سوسائٹی نے اس مقصد کےلئے سو، دو سو، پانچ سو اور ہزار روپے کے تعاؤن ٹکٹ جاری کیے ہیں تاکہ ہر شہری اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے سکے۔پرویز بابر نے کہا کہ ادارے میں نفع و نقصان سے بالاتر تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ غریب اور ذہین طلبہ کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے ولی رحمانی کی خدمات سے متاثر ہو کر قوم کے تعلیمی فروغ کےلئے قدم بڑھایا ہے، اور اللہ تعالیٰ کے بھروسے اس مشن کو آگے بڑھائیں گے پریس کانفرنس میں سوسائٹی کے صدر پرویز بابرخان کے علاوہ التمش قاضی، عبدالعظیم، صائم انجم، عرفان قاضی، غفران خان، انصاری عمران، انصاری ارشد، نعیم احمد، احتشام آمین، انصاری شاہد، ریاض پٹیل، محمد قیص ضیاءالرحمن، رئیس احمد اور ابراہیم خان سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
