ناسک/7نومبر۔ یہاں کے گووند نگر علاقے میں جاگنگ ٹریک کے نزدیک ،مین روڈ پر ایک نامعلوم شخص نے تھرموکول کے ڈبے میں کچھ اشیاءچھوڑے جانے کی اطلاع ملنے پر امبڑ پولیس کو شبہ ہوا کہ باکس میں کچھ دھماکہ خیز مواد ہے اور فوری طور پر بم ڈسپوزل
اسکواڈ کو بلایا۔ تاہم تفتیش کے بعد کچھ نہیں ملا اور سب نے راحت کی سانس لی۔پولس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، سنیچر کی رات تقریباً 9:30 بجے امبڑ پولس کو موصول ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر، ایک نامعلوم شخص نے گووند نگر کے مین روڈ پر ایک تھرموکول کے ڈبے میں کچھ برقی سامان پھینک دیا تھا۔یہ بتانے کے بعد کہ اس میں بم ہوسکتا ہے، امبڑ پولس اسٹیشن کے سینئر پولس انسپکٹر جگویندر سنگھ راجپوت چند منٹوں میں ٹیم کے ساتھ پہنچ گئے۔مین روڈ پر بھاری ٹریفک کا اندازہ لگاتے ہوئے اور مکینوں کی حفاظت کی ذمہ داری لیتے ہوئے، فوری طور پر بھجبل فارم پر ٹنل سے سڑک بند کر دی اور یک طرفہ ٹریفک شروع کر دی۔ کسی عام آدمی کو جائے وقوعہ پر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ اس وقت بم اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا اور جب باکس کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس ڈبے میں رنگ برنگے پٹاخے ہیں جو شادیوں یا سالگرہ کے موقع پر پھوٹے جاتے ہیں اور سب نے راحت کی سانس لی۔
