شہر میں شادی ہال و جماعت خانہ کی تعمیر شیخ رشید کی مرہون منت، ہم تعمیری کام کرتے رہیں گے :آصف شیخ
مالیگاؤں/ ۲۹نومبر۔ شہر میں پہلے شادی بیاہ و دیگر تقاریب سڑکوں اور میدانوں میں ہوا کرتی تھی لیکن شیخ رشید صاحب نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی سہولت کیلئے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں
شادی ہال و جماعت خانہ تعمیر کروانا شروع کیا۔انہوں نے اپنے فنڈ کے ساتھ ساتھ کارپوریشن و مہاراشٹر سرکار سے فنڈ لاکر مالیگاؤں میں شادی ہال و جماعت خانہ کی تعمیر کی اور عوام کا لائف اسٹینڈرڈ مزید بلند کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج شہر میں شادی ہال و جماعت خانہ ضرورت کے مطابق دیکھنے کو ملتا ہے اور شادی ہال و جماعت خانے کا یہ چلن بھی شیخ رشید کی مرہون منت ہے۔اس طرح کے جملوں کا اظہار آصف شیخ نے کیا۔موصوف کھاٹک جماعت خانہ کی تقریب تعمیر سنگ بنیاد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آل مہاراشٹر کھاٹک جماعت کی کانفرنس میں میں نے وعدہ کیا تھا کہ میں جماعت کے ساتھ ساتھ اہل محلہ کی سہولیات کیلئے کھاٹک جماعت کیلئے خصوصی فنڈ منظور کرواؤں گا اور وعدہ کے مطابق ہم نے 50 لاکھ روپے تخمینہ سے اس کا سنگ بنیاد آج رکھا۔آصف شیخ نے کہا چونکہ یہ جماعت خانہ بھی شیخ رشید نے بنوایا تھا اب جبکہ آبادی کے لحاظ سے یہ تنگ دامنی کا شکار ہوگیا ہے تو مزید اسکی توسیع کیلئے میں نے پچاس لاکھ روپے منظور کروایا جسکا باقاعدہ طور کام شروع کیا گیا، آصف شیخ نے کہا شیخ رشید کے تعمیری کاموں کو آگے بڑھنا ہی ہمارا مقصد ہے تاکہ شہر کے ہر طبقہ کو بہتر نمائندگی و سہولت میسر ہوسکے۔آصف شیخ نے کہا اس جماعت خانے کی تعمیر سے نہ صرف کھاٹک جماعت بلکہ وارڈ کی تمام عوام کو سہولت ملیگی۔اس موقع پر کھاٹک جماعت کے ذمہ داران و نوجوانوں نے آصف شیخ کا استقبال کرتے ہوئے انکا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ آصف شیخ نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ہمیں جماعت خانہ کا تحفہ فراہم کیا۔
