جمعیة علماءسلیمانی چوک کے وفد کی ایڈیشنل کمشنر شندے صاحب سے اجلاس کی تیاریوں کے متعلق اہم گفتگو
مالیگاؤں/۵نومبر۔ 3 نومبر 2025 بروز پیر دوپہر ساڑھے بارہ بجے جمعیة علماءسلیمانی چوک کے ایک وفد نے لوٹس و فردوس لانس
سے متصل اہم شاہراہ کی از سرِ نو تعمیر، اطراف کے راستوں کی صاف صفائی، لائٹنگ اور عارضی بیت الخلاءبنانے وغیرہ امور پر
ایڈیشنل کمشنر سے ملاقات کی، چوں کہ آئندہ سہ ماہ کے بعد 7 فروری 2026 بروز سنیچرجمعیة علماءمہاراشٹر کی مجلس عاملہ و منتظمہ کا یک روزہ اجلاس، لوٹس و فردوس لانس میں ہوگا، جبکہ لانس سے متصل اہم شاہراہ خستہ حال اور ناقابلِ استعمال ہوگئی ہے، اس پر چلنا مشکل اور نقصان کا باعث ہے، اس لیے شاہراہ کو از سر نو تعمیر کرنے کے لیے کمشنر سے ملاقات کی گئی، ملاقات کے بعد قاری اخلاق احمد جمالی نے ایڈیشنل کمشنر کو شاملانِ وفد سے متعارف کروایا، پھر صدرِ حضرت مولانا آصف شعبان نے آغازِ گفتگو میں جمعیة علماءہند کی تاریخ، قربانیاں، کارناموں کو اشارةً بتاتے ہوئے کہا کہ جمعیة علماءہند ملک کے مسلمانوں کی سب سے بڑی سنگھٹنا ہے وہ، بلاتفریق مذہب و ملت ہر ایک کے دکھ درد اور تکلیف کا درماں کرتی ہے، ملک کی ترقی اور سالمیت کے لیے تگ دو کرتی ہے، کرونا کال میں پورے ملک نے جمعیةِ علماءہند کی خدمات کو دیکھا، آئندہ سہ ماہ کے بعد ہمارے شہر میںجمعیة علماءمہاراشٹر کی مجلس عاملہ و منتظمہ کا اجلاس ہوگا، جس میں پورے مہاراشٹر سے ارکان شریک ہوںگے ، اس میں قومی و مرکزی صدر، سابق ممبر آف پارلیمنٹ مولانا سید محمود اسعد مدنی اور ریاستی صدر مولانا حافظ ندیم صدیقی شریک ہوںگے ۔لیکن اجلاس کے مقام سے متصل شاہراہ چلنے کے قابل نہیں ہے، اتنی بلند اور قدآور شخصیات شہر میں جلوہ افروز ہوںگی اور راستے کی حالت ایسی ؟ اس لیے آپ فوری طور پر تین ماہ کے اندر اس شارع کو از سرِ نو تعمیر کریں۔اس کے علاوہ اطراف و اکناف کے راستوں کی صفائی، شاہراہوں پر لائٹ اور عارضی بیت الخلاءبنانے پر اپنے ماتحت کارندوں کو حکم دیںاور اس کو بھی جلد از جلد پورا کریں، ایڈیشنل کمشنر نے صدرِ محترم کی پوری بات بہت دھیان اور توجہ سے سنی اور تین ماہ کے اندر جن امور کو وفد لیکر آیا ہے، مکمّل کرنے کا تیقن دیا اور آگے ایک دو روز میںجمعیة علماءسلیمانی چوک کے ذمہ داران و عہدیداران کے ہمراہ اس مقام کا دورہ کرنے اور فوری طور پر اس شاہراہ کی از سر نو تعمیر کی پختہ ہامی بھری۔اس وفد میں مولانا آصف شعبان ، حافظ انیس اظہر ملی، مولانا جمال ناصر ایوبی، قاری اخلاق احمد جمالی، مولانا حسن ملی، مولانا نیاز احمد ملی، مفتی محمد اسلم جامعی، حافظ عبدالعزیز رحمانی، حافظ محسن کریم محمدی، مولانا ابو زید انوری، ظہیر قیصر، خلیل احمد ایم ایم مدنی، حافظ رمضان اشاعتی، حاجی ادریس چکن، محمد اسلم انصاری، شکیل جانی بیگ و دیگر احباب جمعیة علماءسلیمانی چوک موجود تھے۔
