مالیگاؤں/۶؍نومبر۔ میونسپل کارپوریشن کو بالآخر کیمپ سوموار بازار میں بنائے گئے 128 اسٹال کو دکانداروں کے حوالے کرنے کا موقع مل گیا ہے۔ میونسپل کمشنر رویندر جادھو نے کہا کہ سمبھاجی راجے سبزی منڈی،میں اسٹال سبزی فروشوں کو کاروبار کے لیے دیے جائیں
گے جس کا روزانہ کا معمولی کرایہ 500 روپے ہوگا۔ تقسیم کا عمل رواں ہفتے شروع ہو جائے گا ،اس سے سبزی فروشوں اور ٹریفک جام کا سامنا کرنے والے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔کیمپ ایریا چودھری سمبھاجی راجے مارکیٹ، سوموار بازار سبزی منڈی کا کمپلیکس کو سولہ سال قبل میونسپل کارپوریشن نے کروڑوں روپے خرچ کر کے بنایا تھا۔ اس بازار میں 128 اسٹالز بنائے گئے تھے۔ یہ مارکیٹ التوا سمیت مختلف مشکلات کا سامنا کر کے بنائی گئی تھی، انتظامیہ کی جانب سے ان بازاروں کے اسٹال کو الاٹ کیا گیا تھا، جس کا صرف50 ہزار روپے ڈپازٹ اور 2 سے 3 ہزار روپے ماہانہ کرایہ مختص کیا گیا تھا۔ جس پر کئی سبزی فروشوںنے اعتراض ظاہر کیا تھا۔ پھر بعد میں ڈپازٹ کی رقم کو منسوخ کرنے اور دکانداروں کو یہ اسٹال معمولی شرح پر دستیاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے دکانداروں کو سہولت ملے گی اور ٹریفک جام کا مسئلہ بھی حل ہو گا۔
