مالیگاؤں:یکم دسمبر۔ شہر کے معروف سماجی و سیاسی رہنما، سابق رکن اسمبلی و سابق میئر، مزدوروں اور غریبوں کی مضبوط آواز مرحوم شیخ رشید کی برسی کے موقع پر شیخ عبدالقادر ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ تقریب جمعہ، 5 دسمبر کو رات 8 بجے سے 10 بجے تک منعقد ہوگی، جس کا عنوان ہے "تقریبِ اجرا برائے سوانحِ حیاتِ شیخ رشید”

واضح رہے کہ شیخ رشید 4 دسمبر 2023 کو اس دنیائے فانی سے رخصت ہوکر مالک حقیقی سے جا ملے تھے۔ مرحوم نے اپنی زندگی میں جو سماجی خدمات، عوامی بہبود، ترقیاتی کام اور غریبوں کی فلاح کے لیے جدوجہد کی، وہ آج بھی شہر کے باسیوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔ شہر کی ترقی کی بنیاد میں ان کی محنت اور جدوجہد کو ناقابلِ فراموش سمجھا جاتا ہے۔نو جوان نسل تک مرحوم کی جہدِ مسلسل اور خدمات کو پہنچانے کے مقصد سے ان کی زندگی پر مبنی کتاب "سوانحِ حیات”کا اجرا کیا جائے گا، جو ان کے برادرِ محترم حاجی شیخ رفیق کے دست مبارک سے انجام پائے گا۔ سوسائٹی کے مطابق یہ پروگرام مرحوم کی یاد میں ایک خراجِ عقیدت ہے۔اسی موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ جلد ہی شہر کی سب سے بڑی نیٹ کیریئر کلاس "شیخ رشید نیٹ سینٹر” کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ یہ سینٹر مکمل ایئر کنڈیشنڈ ہوگا، جدید فرنیچر، معیاری کلاس رومز اور تجربہ کار اساتذہ کی خدمات کے ساتھ ہزاروں طلبہ کو فائدہ پہنچائے گا۔پریس ریلیز کے مطابق تقریبِ اجرا میں شہر کی اہم سیاسی، سماجی اور تعلیمی شخصیات شرکت کریں گی۔ سوسائٹی کی جانب سے مرحوم شیخ رشید کے تمام چاہنے والوں، عزیزوں، دوستوں اور ہمدردوں سے بھرپور شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔
