مالیگاؤں/ یکم جنوری۔ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر ۵ میں انتخابی عمل کے دوران ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر کے نامزد امیدوار محمد آمین محمد فاروق نے اپنے مدِمقابل مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار وکیل قریشی کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آمین فاروق نے بتایا کہ 13 دسمبر کو الیکشن محکمہ کی جانب سے نامزدگی فارموں کی جانچ پڑتال کے دوران انہوں نے مجلس کے وکیل قریشی کی امیدواری پر باقاعدہ اعتراض درج کرایا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وکیل قریشی کے دو سے زائد بچے ہیں، جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، اس بنیاد پر ان کی امیدواری کو ردّ کیا جانا چاہیے۔
آمین فاروق کے مطابق انہوں نے الیکشن آفیسر کو یہ بھی آگاہ کیا کہ مجلس امیدوار نے اپنے حلف نامے (ایفی ڈیویٹ) میں کئی اہم باتیں ظاہر نہیں کیں اور الیکشن محکمہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ الیکشن آفیسر نے اس معاملے کو ہائی کورٹ میں پیش کرنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد آمین فاروق آج باضابطہ طور پر عدالت سے رجوع ہوں گے۔ بتایا گیا کہ چار مختلف نکات پر اعتراض داخل کیے گئے ہیں اور تمام شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے علاقے میں پہلے ہی متعدد تعمیری اور فلاحی کام انجام دئیے ہیں اور کامیابی کی صورت میں عوامی خدمت کے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
دریں اثنا، الطاف بیگ نے کہا کہ انڈین سیکولر پارٹی کے آصف بھائی نے انہیں لیڈیز سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کام اور کارکردگی کی بنیاد پر انتخابی میدان میں ہیں اور انہیں پورا یقین ہے کہ وارڈ نمبر 5 کا مکمل پینل کامیاب ہوگا۔
