مالیگاؤں /2جنوری۔ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلے میں آج بروز جمعہ دوپہر 2 بجے تک امیدواروں کے لیے نامزدگی فارم واپس لینے کی آخری تاریخ مقرر تھی۔ اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 225 امیدواروں نے اپنے نامزدگی فارم واپس لے لیے۔واضح رہے کہ مالیگاؤں آؤٹر اور سینٹرل حلقہ کو ملا کر کل 21 وارڈز ہیں۔ ان وارڈز سے شہر بھر میں 700 سے زائد امیدواروںنے نامزدگی فارم داخل کیے تھے۔ بعد ازاں جانچ پڑتال کے عمل میں 100 سے زائد فارم خود بخود مسترد ہو گئے، جس کے بعد 526 امیدواروں کے فارم درست قرار دیے گئے تھے۔آج 2 جنوری کو فارم واپسی کے مرحلے کے بعد اب پورے شہر میں 301 امیدوار میدانِ انتخاب میں باقی رہ گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے طے شدہ شیڈول کے مطابق 3 جنوری کو انتخابی نشانات کی تقسیم عمل میں آئے گی، جس کے بعد انتخابی مہم باقاعدہ طور پر تیز ہو جائے گی اور شہر میں انتخابی سرگرمیوں میں زبردست گہماگہمی دیکھنے کو ملے گی۔

