مالیگاؤں/ ۲۴نومبر۔ محلہ کمال پورہ وارڈ نمبر 5 کے رہائشیوں کو درپیش شدید تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق کارپوریٹر فاروق فیض اللہ خان نے نہایت ذمہ داری اور فوری حرکت عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاور ہاؤس کا خصوصی دورہ کیا۔ مقامی عوام کی بارہا شکایات کے سلسلے میں انہوں نے انتظامیہ سے براہِ راست بات چیت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ محلہ کے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے۔باوثوق ذرائع کے مطابق فاروق فیض اللہ خان نے پاور ہاؤس کے افسران کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے بعد یہ طے کروایا کہ محلہ کمال پورہ میں نئی ڈی پی (ڈسٹریبیوشن پینل) کی تنصیب کا کام آج ہی مکمل کیا جائے۔ پاور ہاؤس انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شام 5 بجے تک ڈی پی لگانے کا کام مکمل کر دیا جائے گا، جس سے علاقے میں درپیش بجلی کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔عوامی حلقوں کی جانب سے کارپوریٹر فاروق فیض اللہ خان کے اس بروقت قدم کی زبردست تعریف کی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ حقیقی نمائندگی وہی ہوتی ہے جو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو نہ صرف سنے بلکہ فوری حل بھی کروائے۔ فاروق فیض اللہ کی اس فعال کوشش نے عوام کے دلوں میں اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔
