مالیگاؤں /شہر میں عوامی صحت کے فروغ اور کینسر جیسے مہلک مرض کی بروقت تشخیص کے مقصد سے کینسر اسکریننگ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت کینسر اسکریننگ وین 16 دسمبر سے 31 دسمبر تک شہر کے 14 سول ہیلتھ سینٹرز اور الحاج ہارون انصاری اسپتال میں مختلف مقامات پر دستیاب رہیں گی۔یہ اسکریننگ وین روزانہ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک عوام کی خدمت میں موجود رہیں گی، جہاں 30 سال سے زائد عمر کی تمام خواتین اور مردوں کے لیے مفت کینسر اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس مہم کے دوران چھاتی کے کینسر، منہ کے کینسر اور سروائیکل کینسر کی جانچ کی جائے گی، تاکہ بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ممکن ہو سکے۔ محکمہ صحت کے مطابق کینسر کی بروقت شناخت سے علاج کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ اسی پیش نظر شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مفت سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی صحت کے تئیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔عوام الناس، بالخصوص 30 سال سے زائد عمر کے افراد، سے گذارش کی گئی ہے کہ مقررہ تاریخوں اور اوقات میں قریبی اسکریننگ مرکز یا وین سے رجوع کریں اور کینسر اسکریننگ کروا کر ایک صحت مند زندگی کی جانب قدم بڑھائیں۔
