مالیگاؤں.18ستمبر۔ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ نے گزشتہ روز ناسک میں ضلع کلکٹر آیوش پرساد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اعجاز بیگ نے مالیگاؤں کی زمینوں کے تنازعات اور ٹاؤن پلاننگ کے مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے مانگ کی کہ کارپوریشن کی زمینوں کی خریداری کی جائے، سرکاری ریکارڈ پر کارپوریشن کا نام چڑھایا جائے اور ٹاؤن پلان کے مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ کچھ لوگ قانون کا فائدہ اٹھا کر زمینوں کے تنازع کھڑے کرتے ہیں اور مالی فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے تمام مسائل سننے کے بعد محکمہ لینڈ ایکوزیشن (حصولِ اراضی)، ٹاؤن پلانر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کا ایک مشترکہ اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان مسائل کو حل کیا جا سکے۔ کلکٹر نے یقین دلایا کہ حکومتی گائیڈ لائنز کے مطابق ان معاملات پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ ضلع کلکٹر سے ملاقات کیلئے اعجاز بیگ کے ساتھ کارپوریشن ٹاؤن پلانر نذیر انصاری اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
