مالیگاؤںßسرکاری کام کاج میں صاف ستھرا پن اور جوابدہی لانے نیز شہریوں کو ان کے قانونی حقوق کے بارے میں بیدار کرنے کیلئے مالیگاؤں تعلقہ کے تمام سرکاری دفاتر اور مقامی اداروں میں 28 ستمبر کو ‘یومِ حقِ معلومات’ مختلف پروگراموں کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس بات کا اعلان مالیگاؤں کے تحصیلدار وشال سونونے نے ایک پریس نوٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانونِ حقِ معلومات 2005 کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے اور سرکاری ملازمین کو اس پر ٹھیک طریقے سے عمل کرنے کے لیے تیار کرنا اس مہم کا اصل مقصد ہے۔ تحصیلدار وشال سونونے کے مطابق، اس مہم کے تحت تمام دفاتر کے باہر شہریوں کی آسانی کے لیے حقِ معلومات سے جڑی تفصیلات کے بورڈ لگائے جائیں گے۔ ساتھ ہی متعلقہ آفیسران کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو طے شدہ وقت کے اندر مانگی گئی معلومات مل سکے۔ دیہی علاقوں کے عوام تک اس قانون کا فائدہ پہنچانے کیلئے گرام پنچایتوں اور دفاتر کے نوٹس بورڈوں پر بھی یہ معلومات لگائی جائیں گی۔
