ناسکßضلع ناسک کے نپھاڑ میں آوارہ کتوں کی دہشت کے خلاف شیوسینا (یو بی ٹی) کے یوتھ ونگ ‘یووا سینا’ نے انوکھا احتجاج درج کروایا ہے۔ بارہا شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہونے سے ناراض کارکنان بوریوں میں بند آوارہ کتوں کو لے کر نگر پنچایت دفتر میں داخل ہو گئے اور انہیں چیف آفیسر دھیرج بھامرے کی میز پر چھوڑ دیا، جس سے دفتر میں افراتفری مچ گئی۔ مظاہرین کی قیادت کر رہے یووا سینا کے ضلعی صدر وکرم رندھاوی نے انتظامیہ کی بے حسی پر طنز کرنے کے لیے آفیسر کی کرسی پر نوٹوں کا ہار بھی سجایا۔اس واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے پولس نے سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں وکرم رندھاوی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ دوسری جانب، اس شدید احتجاج کے بعد مقامی انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہو گئی ہے اور علاقے میں آوارہ کتوں کو پکڑنے، ان کی ویکسینیشن اور نس بندی کی مہم جنگی بنیادوں پر شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
