عیدالفطر کے بعد اورنگ آباد میں کور کمیٹی کرے گی انڈین سیکولر پارٹی کی باڈی کی تشکیل
اورنگ آباد /۳مارچ۔ جب سے مالیگاؤں کارپوریشن انتخابات میں انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹربنام I.S.L.A.M پارٹی کی35سیٹوں پر فتح حاصل کرکے اقتدار حاصل کیا۔ اس کے بعد سے ریاستی سطح پر پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لہٰذا پارٹی کو مزید وسعت دلانے کےلئے پارٹی کے روح رواں ، سابق ایم ایل اے کل شہر اورنگ آباد میں ایک عظیم الشان افطاری کی دعوت میں نہ صرف شرکت کی بلکہ انڈین سیکولر پارٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے پریس کانفرنس کے ذریعے کئی اہم فیصلے لئے۔ اس دوران آصف شیخ نے کہاکہ ہم نے مہاراشٹر میں انڈین سیکولر پارٹی کا پہلا میئر بنایا ہے۔اور اس کے بعد پوری ریاست میں الگ الگ ضلع میں اسلام پارٹی کی وسعت کےلئے حکمت عملی جاری ہے۔ اس کےلئے الگ الگ اضلاع سے لوگ ہم سے رابطہ میں ہیں۔ اسی مناسبت سے ہم عید الفطر کے بعد عروس البلاد ممبئی میں پارٹی کی وسعت کےلئے ایک ریاستی اجلاس منعقد ہوگا۔ جہاں ریاستی سطح پر فیصلے لئے جائیںگے اور پارٹی کے مقاصد اور ویژن کو بھی ظاہر کیا جائے گا۔ اُس کے بعد یقینا مہاراشٹر کی عوام ہمارے ویژن کی سراہنا کرے گی، کیونکہ ہم نوجوانوں، تعلیم، میڈیکل، خواتین کا حق میں اوراقلیتوں کے خلاف بنائے گئے کالے قانون کے خلاف آواز بلند کریں گے اور یہی ہمارا اوّلین مقصد ہوگا۔ اسی لحاظ سے اورنگ آباد کور کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ جو اورنگ آباد میں انڈین سیکولر پارٹی کے کام کاج پر نگرانی رکھے گی۔ اور جلد ہی شہری صدر اور دیگر عہداروں کا اعلان کیا جائے گا۔
کور کمیٹی میں یہاں کے رفعت یار خان، سید عارف حسینی، کلیم سیٹھ قریشی، ابوالحسن ہاشمی، سلیم پٹیل، قاضی سعد الدین، ظفر، بلڈر،جمیل خان، شیخ اویس، ابوالاعلیٰ ہاشمی جیسے لوگ شامل ہیں۔ پارٹی کی تشکیل کے ساتھ ہی یوتھ باڈی، مائناریٹی سیل، وقف بورڈ، سوشل میڈیا سیل، مہیلا وِنگ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔“آصف شیخ رشید نے مزید کہاکہ یہاں پارٹی متعارف کرانے کے بعد آنے والے کسی بھی الیکشن میں پارٹی نہ صرف کھاتے کھولے گی بلکہ بھاری سیٹوں سے فتح حاصل کرے گی۔ موصوف نے مزید کہاکہ یکم اپریل سے ریاست مہاراشٹر میں S.I.Rکی شروعات ہوگی لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ اس میں کون سے کاغذات طلب کئے جائیں گے۔ البتہ2002ءکی الیکشن یادی کے تحت SIRکی شروعات ہوگی۔ اس سے قبل ہی ہم نے مالیگاؤں ہیلپ لائن سینٹر شروع کر دیا ہے۔ اسی کے ساتھ اورنگ آباد کور کمیٹی بھی پورے ضلع میں SIRکےلئے شہریان کی رہنمائی کرے گی۔ وہیں شہر اورنگ آباد میں سب سے بڑا مسئلہ پینے کے پانی کی فراہمی کا ہے۔ اگر ریاستی سرکاری اور کارپوریشن کی جانب سے فنڈ کی منظوری ہوچکی ہے اس کے باوجود پانی کامسئلہ حل نہیں ہوا ایسے میں یہاں برسراقتدار پر شک کی سوئی جاتی ہے، کہیں نا کہیں یہاں بدعنوانی ہوئی ہے۔ لہٰذا ہم اورنگ آباد اسلام پارٹی کے بینر تلے پانی کے مسائل پر ایک بڑی تحریک چلائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آج ریاست بھر میں دو پارٹیاں ایسی ہیں جو صرف ہندو اور مسلم کی بات کرتے ہیں جبکہ ترقی کی کوئی بات نہیں کرتا لہٰذا انڈین سیکولر پارٹی ہی ہے جو تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔ اس لئے ہم سیاسی میدان میں آئے ہیں۔ ریاست تلنگانہ سے یہاں آکر جو لوگ سیاست کر رہے ہیں کیا اُن کے آنے سے مہاراشٹر بھلا ہوا ہے؟ انہوں نے کہیں بھی میئر نہیں بناپایاہے۔یہ صرف سماج کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کے برعکس ہم ذاتی واد نہیں کریں گے بلکہ تمام مذاہب و سماج کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہم بی جے پی،آر ایس ایس، بجرنگ دل جیسے مذہبی جماعتوں کو کبھی فائدہ پہنچانے کا کام نہیں کریںگے۔ MIMکی طرح ہمارا کام نہیں ہوگا بلکہ بی جے پی اور MIM دونوں ہی ہمارے دشمن ہیں۔ لہٰذا مذہب کو سیاست سے جوڑ کر نہ چلیں ہم آئین ہند کے مطابق سب کو ساتھ لے کر چلنے والے ہیں۔ “ واضح ہوکہ موصوف نے یہاں پہنچنے سے پہلے اورنگ زیب کی قبر کی زیارت بھی کی جو موضوع بحث ہے
