مالیگاؤںßمہاراشٹر اسٹیٹ سیکنڈری و ہائر سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ، پونہ نے تعلیمی سال 2026-27کے لیے دسویں اور بارہویں کے سالانہ بورڈ امتحانات کے ٹائم ٹیبل کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق، طلبہ کو ذہنی طور پر تیار رہنے اور امتحانی نصاب کی اچھے سے تیاری و اعادہ کرنے کے لیے کافی وقت دینے کی غرض سے یہ شیڈول مہینوں پہلے ہی جاری کر دیا گیا ہے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق بارہویں جماعت کے تحریری امتحانات کا آغاز 8 فروری 2027 سے ہوگا جو 16 مارچ 2027 تک جاری رہیں گے۔ اسی طرح دسویں جماعت کے تحریری امتحانات 15 فروری 2027 سے شروع ہو کر 11 مارچ 2027 کو ختم ہوں گے۔ بورڈ نے تحریری امتحانات سے قبل ہونے والے پریکٹیکل امتحانات کی تاریخیں اور دن بھی واضح کر دئیے ہیں۔ شیڈول کے مطابق بارہویں جماعت کے طلبہ کے پریکٹیکل، اورل (زبانی) اور داخلی امتحانات بدھ، 20 جنوری سے 6 فروری 2027 کے درمیان لیے جائیں گے۔ دوسری طرف دسویں جماعت کے طلبہ کے پریکٹیکل، گریڈ اور زبانی امتحانات جمعرات، 28 جنوری سے 13 فروری 2027 کے درمیان منعقد کیے جائیں گے۔ یہ امتحانی شیڈول مہاراشٹر کے مختلف ڈویڑنل بورڈ کے تحت آنے والے تمام اسکولوں اور کالجوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا بورڈ انتظامیہ نے صاف کیا ہے کہ ابھی امتحانات کا مجموعی دورانیہ بتایا گیا ہے، جبکہ ہر مضمون کا تفصیلی اور روزانہ کا حتمی ٹائم ٹیبل بعد میں جاری کیا جائے گا۔ بورڈ نے طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو سخت تاکید کی ہیکہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں اور افواہوں پر بالکل دھیان نہ دیں اور صرف بورڈ کی آفیشیل ویب سائٹ mahahsscboard.in پر ہی بھروسہ کریں۔ اس وقت سے پہلے کیے گئے اعلان کے بعد اب تمام اسکولوں اور کالجوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنا نصاب مقررہ وقت کے اندر مکمل کر لیں تاکہ طلبہ بغیر کسی ذہنی دباؤ کے امتحانات کی بہتر تیاری کر سکیں۔
