ممبئی/مہاراشٹر میں ڈیوٹی کے دوران سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے پر ایک خاتون بس کنڈکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ عثمان آباد کے کلمب ڈپو میں تعینات اس خاتون نے یونیفارم پہن کر بس کے اندر اور ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھ کر فلمی گانوں پر انسٹاگرام ریل بنائی تھیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسے ڈیوٹی میں سخت لاپرواہی اور سرکاری قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کنڈکٹر اور ان کی ویڈیو ریکارڈ کرنے والے ساتھی ملازم دونوں کو معطل کر دیا۔
اس کارروائی پر بی جے پی رہنما چترا واگھ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ خاتون کے سوشل میڈیا پر ایک لاکھ سے زیادہ فالوور ہیں، اس لئے انھیں سزا دینے کے بجائے ان کی مقبولیت کو محکمے کی تشہیر کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے تھا۔ تاہم، اس واقعے کے بعد بس انتظامیہ نے تمام ملازمین کے لیے ڈیوٹی کے دوران بس یا دفتر کے اندر ریل بنانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
