پیارے خان اور آصف شیخ صاحبان کی رہنمائی کارگر
مالیگاؤں/ ۲؍مارچ۔ ناگپور سے ایک حیرت انگیز خبر سامنے آئی ہے۔ مالیگاؤں کا ایک شخص جو ایک ماہ سے ناگپور کی شمشان بھومی میں مدفون تھا۔ اُس کی لاش کو وہاں سے مالیگاؤں لایا گیا اور تدفین کی گئی۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ گذشتہ ماہ 28جنوری2025ءکو مالیگاؤں سے پانچ5دوست ناگپور میں درگاہ کی زیارت کےلئے پہنچے تھے۔ ان میں سے مدنی نگر کا ساکن49سالہ ’ساجد خان منور خان‘ وہاں گم ہوگیا۔ اُس کے چاروں دوستوں نے اُس کی تلاش بسیار کی لیکن ناکام مالیگاؤں لوٹ آئے۔ گمشدگی کے تین دن بعد ساجد خان کی لاش ناگپور کے ریلوے اسٹیشن کے پاس پائی گئی جسے وہاں کے مقامی لوگوں نے لاوارث کہہ کر وہیں کی شمشان بھومی میں دفن کر دیا۔ بعد ازاں مرحوم کے بڑے بھائی جاوید خان منور خان نے سابق ایم ایل اے آصف شیخ رشید سے رابطہ کیا پھر اُن کی ہی ہدایت پر شفیق اینٹی کرپشن نے اپنے رفقاءکے ساتھ اس معاملے میں مداخلت کی۔ اس دوران آصف شیخ کے کہنے پر جاوید خان ناگپور پہنچے اور وہاں اقلیتی سیل کے ریاستی صدر پیارے خان سے رابطہ کیا اور تقریباً25دنوں تک جاوید خان نے پیارے خان کے بنگلہ میں نہ صرف قیام و طعام کیا بلکہ ان کی تمام چھوٹی بڑی سرکاری قانونی کاروائی میں پیارے خان نے مدد کی۔ اخیرمیں یکم مارچ2026کو ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد مرحوم ساجد کی لاش شمشان بھومی سے نکال کر جاوید خان کے حوالے کر دی گئی۔ کل مالیگاؤں سے ایک قافلہ ناگپور پہنچا اور لاش کو مالیگاؤں لایاگیا۔ جس کی تدفین آج 2مارچ کی صبح بڑے قبرستان میں ہوئی۔ اس قافلہ میں شفیق اینٹی کرپشن، فقیرا حاجی، شعبان شاہ، ندیم بھائی، جاوید ایس کے، عرفان ایا وغیرہ موجود تھے۔ اخیر میں جاوید خان نے تمام افراد بالخصوص پیارے خان اور آصف شیخ رشید کو نہ صرف مبارکباد پیش کی بلکہ دعائیں بھی پیش کیں۔
تفصیل پیش کرتے ہوئے شفیق اینٹی کرپشن نے بتایاکہ معجزاتی طورپر لاش اور کفن خراب بھی نہیں ہوئے ہیں۔

