27 ہزار سسکتا گولیاں ژژاور موٹر سائیکل ضبط، 2 /افراد گرفتار
مالیگاؤں۷؍اگست۔ شہر میں منشیات کے خلاف پولس کے خصوصی دستے نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 'الپرازولم' جسے عرف عام میں کتا گولی کہا جاتا ہے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث دو افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ بدھ کی صبح آزاد نگر علاقے میں کی گئی اس کارروائی کے دوران پولس نے 27,600 نشہ آور گولیاں، ایک بائیک اور موبائل فون سمیت کل 1,16,000 روپے کا مال ضبط کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمین یہ گولیوں کی کھیپ سورت (گجرات) سے مالیگاؤں لائے تھے۔ پولس ذرائع کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ افراد سورت سے ممنوعہ گولیوں کی بڑی مقدار بائیک پر لا کر شہر میں سپلائی کرنے والے ہیں۔ اس بنیاد پر ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور ڈی وائے ایس پی سدھارتھ باروال کی رہنمائی میں پولس ٹیم نے 'النکار سائزنگ' کے قریب گھات لگائی۔ جیسے ہی بائیک وہاں پہنچی، پولس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشتبہ افراد فیض مبارک چاؤس اور سمیر محمد حنیف انصاری (ساکنان مالیگاؤں) کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران ان کے پاس موجود ایک پلاسٹک کی بوری سے 46 باکس برآمد ہوئے، جن میں کل 27,600 گولیاں موجود تھیں۔ پولس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر کے تمام سامان ضبط کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں آزاد نگر پولس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
