مالیگاؤں/شہر کے عائشہ نگر علاقے میں پولس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ گٹکھا اور ایک موٹر سائیکل سمیت 1 لاکھ 10 ہزار 832 روپے کا مال ضبط کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، جمعہ کی دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے عائشہ نگر پولس اسٹیشن کی حدود میں واقع ‘مہاراشٹر سائزنگ’ کے پیچھے کھلے میدان کے قریب پولس گاڑی گشت کررہی تھی۔ اسی دوران ایک موٹر سائیکل MH 41 BK 3445 پر پلاسٹک کی بوریوں میں بھر کر مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ممنوعہ گٹکھا فروخت کرنے کی نیت سے لے جایا جا رہا تھا۔ پولس نے موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے 70 ہزار روپے مالیت کی موٹر سائیکل اور گٹکھے کا ذخیرہ اپنے قبضے میں لے لیا۔
اس معاملے میں نیا اسلامپورہ کے رہنے والے پان دکاندار ریحان احمد محمد ہارون مومن اور عائشہ نگر کے رہائشی شمس تبریز شیخ غنی کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ کانسٹیبل روہت دلیپ مورے نے شکایت درج کرائی، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش پولس سب انسپکٹر پگارے کر رہے ہیں۔
