مالیگاؤں.18؍ستمبر۔ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں کام کرنے والے تمام نجی ہسپتالوں، دواخانوں اور سونوگرافی سینٹروں کے لیے 'ممبئی نرسنگ ہوم ایکٹ' کے تحت مریضوں کے حقوق کا چارٹر اور علاج و جانچ کی فیس کا بورڈ (ریٹ لسٹ) نمایاں جگہ پر لگانا لازمی کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جتیندر ڈولارے نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے تمام نجی معالجین اور ہسپتال انتظامیہ کو ان احکامات پر فوری عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ سخت قدم کارپوریشن کے محکمہ صحت کی جانب سے شہر کے مختلف نجی ہسپتالوں کے اچانک معائنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ جانچ کے دوران یہ چونکانے والی بات سامنے آئی کہ کئی ہسپتالوں میں نہ تو مریضوں کے حقوق کا کوئی بورڈ لگایا گیا تھا اور نہ ہی فیس کی لسٹ دکھائی دی۔ اتنا ہی نہیں، بلکہ کچھ طبی مراکز تو بنا سرکاری اجازت کے بھی چلائے جا رہے تھے۔ کارپوریشن نے اس لاپروائی کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیدھے طور پر مریضوں کو اندھیرے میں رکھنے اور انہیں پریشان کرنے کی کوشش ہے۔ اسی بنیاد پر کارپوریشن نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے شہر کے 10 نجی ہسپتالوں کو نوٹس جاری کر دی ہے۔ جن ہسپتالوں کو یہ نوٹس جاری کی گئی ہے ان میں ایمس ہاسپیٹل، اقرائ ہاسپیٹل، سائی سیوا ہاسپیٹل، دیا آئی کیئر، پوار ہاسپیٹل، سنکلپ ہاسپیٹل، منشری ہاسپیٹل، شیوم ہاسپیٹل، جاجو ہاسپیٹل اور آشیرواد ڈے کیئر شامل ہیں۔ ہیلتھ آفیسر نے شہر کے تمام نجی ہسپتالوں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اپنے ہاں مریضوں کے حقوق کا چارٹر اور فیسوں کا بورڈ فوری طور پر لگائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس انتباہ کے بعد کارپوریشن کی ٹیمیں دوبارہ ہسپتالوں کا دورہ کریں گی اور اگر اس بار بھی کسی ہسپتال یا دواخانوں میں ان اصولوں کی خلاف ورزی پائی گئی، تو متعلقہ ہسپتال یا دواخانوں کے مالکان اور
ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔
