نئی دہلی : لوک سبھا میں کانگریس کے دو اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ گورو گوگوئی اور بی آر ایس کے نامہ ناگیشور راؤ کے عدم اعتماد کی تحریک کو منظور کرتے ہوئے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ بحث کی تاریخ کا اعلان بعد میں کریں گے۔ اس کے بعد لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ اس دوران منی پور کی صورتحال پر بحث اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں نعرے بازی اور احتجاج جاری رکھا ۔
منی پور معاملہ پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راجیو شکلا نے کہا کہ اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد کو منظور کر لیا ہے۔ اب اسے اولین ترجیح دی جانی چاہئے کیونکہ عام طور پر روایت یہ ہے کہ ایک مرتبہ تحریک عدم اعتماد آجائے تو باقی سبھی کام ملتوی کردئے جاتے ہیں انہیں اٹھایا جانا چاہئے ۔
اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ یہ سب (تحریک عدم اعتماد) غیر ضروری ہوتا اگر وزیر اعظم منی پور کے معاملے پر (پارلیمنٹ میں) بولنے پر راضی ہوجاتے ۔
وہیں دوسری طرف راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے منی پور معاملے کو لے کر پارلیمنٹ میں تعطل پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ ہم وزیر اعظم سے پارلیمنٹ میں آنے اور بولنے کی اپیل کررہے ہیں، لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس سے ان کے وقار کو ٹھیس پہنچے گی۔