مالیگاؤں/۳۱؍اکتوبر۔ ناسک دیہی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شری بالاصاحب پاٹل کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت مالیگاؤں تعلقہ پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ممبئی۔آگرہ ہائی وے پر کی گئی کارروائی میں پولیس نے دو غیر مقامی شہریوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے

دس لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد کی ہے۔پولس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ مشتبہ افراد ممبئی۔آگرہ ہائی وے پر جعلی نوٹوں کے ساتھ خرید و فروخت کی نیت سے آنے والے ہیں۔ اطلاع کے بعد مالیگاؤں تعلقہ پولیس کی ٹیم نے اے ون ساگر ہوٹل کے قریب گشت کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔تحقیقات کے دوران ان کی شناخت نذیر اکرم محمد ایوب انصاری (34) ساکن مومن پورہ، برہانپور، مدھیہ پردیش اور محمد زبیر محمد اشرف انصاری (33)ساکن ہری پورہ، وارڈ نمبر 31، برہانپور، مدھیہ پردیش کے طور پر ہوئی۔ تلاشی کے دوران دونوں کے بیگ سے 500 روپے کے 2000 جعلی نوٹ برآمد ہوئے، جن کی کل مالیت 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے دو موبائل فون اور ایک بیگ بھی ضبط کیا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 لاکھ 20 ہزار روپے بنتی ہے۔پولیس کے مطابق برآمد شدہ نوٹ بظاہر اصلی کرنسی جیسے نظر آ رہے تھے، تاہم تفصیلی جانچ کے بعد واضح ہوا کہ وہ جعلی ہیں۔ اس معاملے میں انڈین کرنسی ایکٹ کی دفعات 179، 180، 3(5) اور تعزیرات ہند 2023 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 8 روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان سے اس بات کی تفتیش جاری ہے کہ جعلی نوٹ کہاں سے حاصل کیے گئے اور کہاں فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی یہ کارروائی ایس پی بالاصاحب پاٹل،ایڈیشنل ایس پی تیگبیر سنگھ سندھو، اورایس ڈی پی او یشونت باویسکر کی رہنمائی میں پولیس انسپکٹر پریتم چودھری،اے پی آئی پریتی ساونجی،پی ایس آئی تشار بھدانے اور دیگر عملے حولدار امول شندے، پرکاش بنکر، گنیش جادھو، مورے نے انجام دی۔پولیس نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ جعلی کرنسی کے اس پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔
