مالیگاؤں/۳؍نومبر۔ ناسک دیہی لوکل کرائم برانچ نے یہاں کیمپ روڈ پر واقع زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کے احاطے میں 2 لاکھ 95 روپے مالیت کے سات مویشیوں کو ضبط کیا ہے۔ اس معاملے میں لوکل کرائم برانچ کے پولس افسر سندیپ پریم سنگھ راتھوڑ نے کیمپ پولیس میں
شیخ آصف اکبر شیخ (سلیم نگر، مالیگاؤں)، سعید خان اقبال خان عرف سعید عطادی (کمال پورہ، مالیگاؤں) اور صادق قریشی عرف چریا (ہڈکو، مالیگاؤں) کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔لوکل کرائم برانچ کے پولس انسپکٹر رویندر ماگر کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگوں نے گائے کو ذبح کرنے کے مقصد سے مارکیٹ کمیٹی میں ایک کھلی جگہ پر باندھ رکھا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر سب انسپکٹر دتا کوشیمبرے، کانسٹیبل شیام پوار، سچن ورہاڈے، سبھاش چوپڑا، شرد موگل وغیرہ کی ایک ٹیم نے اس جگہ کی تلاشی لی اور وہاں ایک درخت سے بندھی سات گائیں پائی گئیں۔ اس وقت ٹیم نے ملزم شیخ آصف سے پوچھ گچھ کی تو اس نے مبہم جوابات دیئے۔ اس لیے ٹیم نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ مذکورہ جانور ملزمان سعید خان اور صادق قریشی کے ہیں۔
