مالیگاؤں/۲۵دسمبر۔ 2017 کے بعد اب مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے تحت 15 جنوری 2025 کو ووٹنگ منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر مالیگاؤں کارپوریشن کے پرشاسک رویندر جادھو نے شہر کے عوام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔رویندر جادھو نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور ہمارے سنویدھان نے ہر شہری کو ووٹ دینے کا قیمتی حق دیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ عوام اس حق کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں اور جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے ووٹنگ کا اوسط بڑھانے کے لیے خصوصی حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف کالجوں میں ووٹنگ کی اہمیت پر بات کی جائے گی، جبکہ مہیلا بچت گٹ کی مدد سے بھی ووٹنگ مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہر بھر میں بینر اور پوسٹر لگا کر عوام میں بیداری پیدا کی جائے گی۔پرشاسک نے امید ظاہر کی کہ مالیگاؤں کے شہری جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے 15 جنوری کو بڑی تعداد میں ووٹنگ کریں گے اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے۔
