‘مہا ڈی بی ٹی 2.0’ پورٹل کا آغاز، آخری تاریخ 30 ستمبر
مالیگاؤں۔ مہاراشٹر حکومت کے شعبہ اقلیتی ترقی نے ریاست کے اقلیتی طبقات (مسلم، بدھ، عیسائی، سکھ، پارسی، جین اور یہودی) سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے تعلیمی سال 27-2026ئ کی پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سال سے اسکالرشپ کا پورا نظام ایک نئے اور اپگریڈڈ "مہا ڈی بی ٹی 2.0” پورٹل کے ذریعے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ درخواستوں کی جانچ اور رقم کی منتقلی کا عمل زیادہ آسان، شفاف اور تیز رفتار ہو سکے۔ حکومتی ہدایات کے مطابق اسکالرشپ کی بنیادی شرائط اور اہلیت کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت روایتی کورسوں کیساتھ ساتھ میڈیکل اور انجینئرنگ جیسے اعلیٰ پیشہ ورانہ و تکنیکی تعلیم حاصل کرنے والے اہل طلبہ کو سالانہ 50,000 روپے تک کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کیلے شرط یہ ہیکہ طالب علم مہاراشٹر کا مستقل رہائشی ہو اور اس کے خاندان کی مجموعی سالانہ آمدنی 8 لاکھ روپے سے کم ہو۔ نئے اور مربوط نظام کے تحت ہر طالب علم کو آدھار سے منسلک ایک مستقل ‘آپار آئی ڈی’ دی جائے گی، جس کے بعد ہر سال نئے سرے سے رجسٹریشن کرانے کی زحمت ختم ہو جائے گی۔ مزید برآں، ایس ایس سی، ایچ ایس سی اور سی ای ٹی کا تعلیمی ریکارڈ براہ راست سرکاری ڈیٹا بیس سے خودکار طور پر منتقل ہو جائے گا، جس سے دستاویزات اسکین کر کے اپ لوڈ کرنے کی پریشانی سے نجات ملے گی۔ پرانے طلبہ کو اسکالرشپ کی تجدید کے لیے صرف جاری تعلیمی سال کی فیس رسید اور پیشرفت کی تفصیلات درج کرنی ہوں گی، جس کے لیے آخری تاریخ 30 ستمبر 2026ئ مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ اقلیتی ترقی نے واضح کیا ہے کہ اسکالرشپ کی رقم براہ راست طالب علم کے آدھار سے منسلک اور ایõکے وائی سی شدہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ اسکے علاوہ تمام کالجوں اور تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پورٹل پر طلبہ کی معلومات وقت پر اور درست درج کریں اور اسکالرشپ کے نام پر ان سے کوئی اضافی فیس وصول نہ کریں۔ تمام اہل اقلیتی طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے آدھار سے منسلک بینک اکاؤنٹ، انکم اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے ساتھ پورٹل کی سرکاری ویب سائٹ mahadbt2.maharashtra.gov.in پر آن لائن درخواست جمع کروائیں۔
