تکارام منڈے کا 29 ملازمین کو سخت پیغام!
مالیگاؤں۔ مہاراشٹر کے معروف اور اپنے سخت گیر رویے کے لیے جانے جانے والے آئی اے ایس افسر اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر تکارام منڈے نے ایک بار پھر سخت موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے اورنگ آباد کی لیبارٹری کے 29 آفیسران اور ملازمین کو دو ٹوک الفاظ میں انتباہ دیا ہے کہ اگر وہ سرکاری قوانین کے مطابق کام نہیں کرنا چاہتے تو استعفیٰ دے کر جا سکتے ہیں۔ یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب لیبارٹری کے 29 ملازمین نے دو شفٹوں میں کام، تعطیلات کے دن ڈیوٹی اور کام کے شدید دباؤ کے خلاف محکمہ کے وزیر نرہری جھروال سے تحریری شکایت کی اور دیگر عام دفاتر کی طرح صبح 10 سے شام 6 بجے کا وقت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ملازمین کی اس شکایت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر تکارام منڈے نے واضح کیا کہ لیبارٹری کوئی عام دفتر نہیں بلکہ 24 گھنٹے فعال رہنے والا ادارہ ہے تاکہ ملاوٹ شدہ اشیائ اور ادویات کی فوری جانچ کی جا سکے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی بھی ملازم سے 8 گھنٹے سے زیادہ کام نہیں لیا جاتا اور انہیں ہفتہ وار چھٹی بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے ملازمین کے مطالبے کو غیر معقول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سرکاری ملازمت میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتے، وہ استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ اپنے اصولوں اور بلا خوف اقدامات کی وجہ سے معروف تکارام منڈے کے اس سخت روئیے نے ایک بار پھر انتظامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
