اڑیسہ کے بالاسور میں کورومنڈیل ایکسپریس ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 261 سے تجاوز کر گئی ہے۔جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ حادثے کے بعد کچھ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جنہیں دیکھ کر حادثے میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ خوفناک حادثہ کورومنڈیل ایکسپریس اور بنگلورو-ہاؤڑا ایکسپریس ٹرین کے پٹری سے اترنے اور مال ٹرین سے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹرین کی بوگیاں الٹ گئیں۔
اڑیسہ میں ہونے والے اس حادثے کو ہندوستانی ریلوے کی تاریخ کے بدترین حادثات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ٹرینیں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں اور این ڈی آر ایف کے اہلکار بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
تصویریں دیکھنے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ یہاں کل چار ریلوے ٹریک تھے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ درمیانی پٹری پر موجود ٹرین کے پرخچے اڑ گئے۔ ٹرین کے دروازے اور کھڑکیاں مکمل طور پر غائب ہو چکی ہیں۔
امدادی کاموں کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ اس تصویر کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ ٹکر کے بعد بوگی سامنے سے پوری طرح چپٹی ہو گئی۔
ریلوے کے کھڑگپور ڈویژن کے سگنلنگ کنٹرول روم سے ویڈیو کے مطابق، چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس نے جمعہ کی شام تقریباً 6.55 بجے بہا نگر بازار اسٹیشن کو عبور کرنے کے بعد مین لائن کے بجائے ایک لوپ لائن پکڑ لی۔ اس طرف مال گاڑی کھڑی تھی۔
کورومنڈیل ایکسپریس 127 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ یہ مال ٹرین سے ٹکرا گئی اور پھر مین لائن سے ہٹ کر پٹڑی سے اتر گئی۔ حادثے سے چند منٹ قبل ہاوڑہ جانے والی یشونت نگر ایکسپریس دوسری طرف سے آرہی تھی جو کورومنڈیل ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔