مالیگائوں/28مئی۔ آئندہ چند دنوں میں بارش کے ایام شروع ہوں گے اور حالات کے پیش نظر شہر وتعلقہ میں ایمرجنسی سہولیات فراہم کرنے کےلئے عارضی طورپر جون سے ستمبر تک تحصیل دار نتن دیورے کی نگرانی میں ایمرجنسی سہولیات محکمہ قائم کیا گیا ہے۔ جس میں سرکاری و نیم سرکاری تمام ہی آفیسران کو نگرانی رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس تعلق سے گذشتہ دنوں پرانت آفس میں وجئے آنند شرما کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں محکمہ صحت و صفائی کو خصوصی طورپر بیدار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وہیں محکمہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ حالات کے پیش نظر ضروری ادویات اور اشیاءکا بھرپور ذخیرہ موجود رہنا چاہئے۔ وہیں میڈیکل آفیسر اپنی نگرانی میں ایمرجنسی مریضوں کو بھرپورطبی سہولیات فراہم کریں۔ اسی طرح ندی نالوں کی وقت سے پہلے صاف صفائی اور اُن پر بنے ہوئے اتی کرمن کو سختی سے توڑنے کا حکم محکمہ تعمیرات کو دیا جاچکا ہے ۔ پرانت آفیسر وجئے آنند شرما نے بتایاکہ ندیوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے پیش نظر شہر و تعلقہ کے تمام پلوں کا آڈٹ رپورٹ تیار کرکے درستی کا حکم دیا گیا ہے۔ وہیں بجلی محکمہ کو سختی سے کہا گیا کہ کسی بھی حالات میں بجلی کے نظام کو درہم برہم نہ ہونے دیں چوںکہ بارش کے لئے ابھی کچھ وقت ہے۔ ان دنوں میں محکمہ بجلی اپنی تمام درستی کے کاموں کو جلد ازجلد پورا کرکے بھرپور بجلی فراہم کرنے کا نظم کرے۔ وہیں محکمہ مواصلات کو بھی چاق و چوبند رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ندی کے کنارے کے ساکنین کےلئے پاٹ بندھارے محکمہ کو باخبر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وہیں شہریان سے پرانت آفیسر سے اپیل کی ہے کہ سیلابی کیفیت میں ندی نالوں کا رُخ نہ کریں اور اپنے جانی مالی نقصان سے بچیں۔ اس میٹنگ میں تحصیلدار نتن دیورے، باندھ کام محکمہ کے انجینئر اے جی انعامدار ، فوڈ سپلائی آفیسر پی ایس کاتھے پوری ،گیانیشور شندے، سول اسپتال کے عارضی میڈیکل آفیسر اے اے مومن، محکمہ جنگلات کے وی جی ہیرے وغیرہ موجود تھے۔
بارش کے ایام جون سے ستمبر تک کارپوریشن میں ایمرجنسی محکمہ قائم :وجئے آنند شرما
