مالیگاﺅں/۱۲مئی۔ پولیس نے شہر کے مچھلی بازار نوری ٹاور کے پاس جمعرات کی شب کی گئی فائرنگ معاملے میں مسعود گانجہ والا کو گرفتار کیا ہے ۔ اس ضمن میں پولیس سے حاصل تفصیل میں بتایا گیا کہ جمعرات کی رات ٹرک ڈرائیور شیخ شفیق شیخ یوسف 45سال مچھلی بازار کمالپورہ مالیگاﺅں کے گھر کے سامنے مسعود خان کلیم خان عرف مسعود گانجہ والا اور فیروز گانجہ والا کے مابین جھگڑا ہورہا تھا اس درمیان شیخ شفیق شیخ یوسف نے یہاں جھگڑا مت کرو، یہ بولنے کیلئے گیا تھاکہ مسعود گانجہ والا نے اپنی کمر سے پستول نکال کر فیروز گانجہ والا پر فائرنگ کردی لیکن گولی فیروز گانجہ والا کو نہ لگتے ہوئے ٹرک ڈرائیور شیخ شفیق شیخ یوسف کو لگ گئی ۔ اور گولی لگنے سے شفیق ڈرائیور زیادہ زخمی ہو گیا ۔جسے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی جانچ کے بعد آپریشن کے ذریعے جسم میں پیوست ہوجانے والی گولی کو نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ اس واقعہ کی فریاد شیخ شفیق نے پولیس کو دی ہے پولیس نے فریاد کے مطابق مسعود گانجہ والا پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا ہے ۔ اور اسے گرفتار کرتے ہوئے مزید جانچ و تحقیقات شروع کردی ہے ۔ فائرنگ ہونے سے اس علاقے میں دہشت کا ماحول بن گیا ۔ جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی جرا¿ت سے شہر بھر میں تشویش کا ماحول پایا جا رہا ہے ۔ قانون کا کوئی ڈر جرائم پیشہ افراد میں نظر نہیں آرہا ہے عام عوام خوف و ہراس کا شکار ہے ۔ اور جرائم پیشہ غنڈوں کے حوصلے دن بدن بڑھتے جارہے ہیں کھلے عام بندوق پستول کاآزادانہ استعمال کیا جارہا ہے ۔ جس سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہوتی جا رہی ہے ۔ کبھی بھی کہیں بھی مار دھاڑ ، گولی چلنے تلوار اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال عام سی بات ہوتی جا رہی ہے ۔ پارلیمنٹ الیکشن جاری ہے اور ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہے اسکے باوجود غنڈوں اور شرپسندوں کی غنڈہ گردی سر عا م جا ری ہے۔
Post Views: 104
پوسٹ کو اپنے احباب میں شیئر کریں